سردار ایاز صادق سے ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو  

Mar 24, 2024

 اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملک مذہب، تاریخ ، اخوت اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، ترکیہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ترکیہ کے سفیر نے اسپیکر سردار ایاز صادق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اسپیکر نے ترکیہ کے سفیر کا نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان ترکیہ کے ساتھ مذہب، اخوت، تاریخ اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھا ہوا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یکجان دو قالب کی ماند ہیں،ترکیہ نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورم پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔سپیکر نے کہا کہ ترکیہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے،پاکستان کے عوام ترکیہ کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں