راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربار عالیہ عید گاہ شریف میں حضور نبی کریم ؐکے ارفع و اعلیٰ میلاد پاک کے سلسلہ میں ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کے موقع خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ ربِ رحمن نے ہمیں زندگی میں ایک مرتبہ پھر نہایت با عظمت و با برکت ماہِ رمضان المبارک عطا فرمایا جس کے متعلق حضور نبی کریمؐ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ اگر میری امت ماہِ رمضان المبارک کی عظمت کو جان لیتی تو تمنا کرتی کہ پورا سال رمضان المبارک رہے۔ کرم بالا کرم یہ کہ حضور نبی کریم ؐ کے ماہانہ میلاد النبی کے موقع پر یومِ ِ پاکستان جیسا عظیم یوم بھی ہے۔ وطنِ عزیز پاکستان عظیم نعمتِ خداوندی و عنایت ِ مصطفیٰ کریمؐ ہے جس کی قدر و منزلت اور محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ بارہویں شریف کے عظیم الشان موقع پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ مصطفیٰ جانِ رحمت کا فرمان مبارک ہے کہ میری امت رسوا نہ ہوگی کہ جب تک رمضان المبارک کی عظمت و توقیر کرتی رہے گی۔ اسی عظیم ماہِ رمضان المبارک میں وطنِ عزیز کا قیام ہوا جس کی خاطر بے شمار قربانیاں دی گئیں اور اس کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی۔ مدینہ منورہ کا صدقہ مدینہ منورہ کے بعد دنیا میں اسلام کی خاطر مسلمانوں کے لئے بننے والی ریاست کا نام پاکستان ہے۔ ہمارے مشائخِ عظام کی پاکستان کے قیام اور بقا کے لئے عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے اور ان کی تعلیمات میں یہ بات شامل ہے کہ حالات جس قدر بھی پیچیدہ ہوں، طاغوتی و شیطانی قوتیں جتنی بھی سازشیں کر لیں ربِ رحمان اور اس کے پیارے حبیب ? کی رحمت سے امید ہے کہ پاکستان انشاء ا للہ الرحمن عروج و کمال کی منزلیں طے کرتا ہوا دنیا کی عظیم قوموں کی صف میں شامل ہو گا۔ ہم سب پر لازم ہے کہ اس عظیم نعمت کے ملنے، بننے اور آزادی حاصل ہونے پر ربِ کریم کے حضور سر بسجود ہو کر وطنِ عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لئے ہر وقت دعا گو رہیں۔ پاکستان کی عظیم افواج عالمِ اسلام کی بہادر ترین افواج میں سے ہیں جنہوں نے اپنا لہو دے کر مادرِ وطن کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کیا ہے اور کر رہے ہیں۔ ہم اس یوم پر اپنی عظیم بحری، بری، فضائی افواج اور ان کے سربراہان کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس عظیم الشان ماہانہ محفلِ بارہویں شریف میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، وابستگانِ عید گاہ شریف، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جبکہ نعت خوانانِ عظام جن میں حافظ غلام مصطفی قادری (کراچی) و دیگر نے دربارِ رسات مآب ? میں نذرانہِ عقیدت پیش کیا۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیرمحمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحا دبین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئیخصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد وسیع و عریض افطاری کا بھی اہتمام تھا۔