اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)مشیر وفاقی محتسب شاہ محبوب عالم نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کیلئے اپنے پورٹل تک براہ راست رسائی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس اقدام سے آئی سی سی آئی ممبران کی شکایات کے ازالے اور مسائل کے فوری حل میں مدد ملے گی۔گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری اور دیگر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محتسب کا دفتر آزادانہ، فوری اور منصفانہ کارروائیوں کے ذریعے سرکاری اداروں کے حوالے سے لوگوں کی شکایات کے ازالے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹل پر آنے والی شکا یات اگر متعلقہ ادارے تیس روز میں حل نہیں کر یں گے تو وہ خود بخود وفاقی محتسب کو منتقل ہو جا ئیں گی اور ہم ان پر کارروائی کر یں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے وفاقی محتسب آفس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ محتسب آفس کے پورٹل تک براہ راست رسائی حاصل ہونے سے چیمبر ممبران کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔صدر آئی سی سی آئی نے مشیر وفاقی محتسب کو آئی سی سی آئی میں قائم ثالثی کونسل کے کام کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کے آٹھ ہزار سے زائد ممبران ہیں جو صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ چیمبر کے ممبران کو ایف بی آر اور دیگر اداروں سے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بز نس کمیو نٹی کے مسا ئل جلد حل ہو نے سے معیشت کو فائدہ ہوگا اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔اس موقع پر سابق صدر آئی سی سی آئی، سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ظفر بختاوری نے عوام کی شکایات کا جلد ازالہ کرنے کے حوالے سے وفاقی محتسب کی کاوشوں کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب عوام کی شکایات کے حل کیلئے جو کوششیں کر رہا ہے ان کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ عوام الناس اس ادارے کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر وفاقی محتسب کے ساتھ مل کر اس کی سروسز کے بارے میں آگاہی پروگرام منعقد کرنے کو تیار ہے۔ملاقات میں ، ایگزیکٹو ممبران رضوان چھینہ، چوہدری محمد علی، مقصود تابش، اشفاق چٹھہ، شیخ اعجاز، سابق ایگزیکٹو ممبر ناصر چوہدری اور سابق ایس وی پی خالد چوہدری بھی شریک ہوئے