کپتان چپل بنانے والے نوردین چاچا بھی صدارتی ایوارڈ سے نواز دئیے گئے

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام سے منسوب کپتان چپل بنانے والے نور دین الیاس المعروف چاچا بھی صدارتی ایوراڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نواز دئیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز یومِ پاکستان کے موقعے پر گورنر ہاؤس پشاور میں تقریبِ تقسیمِ اعزازات منعقد ہوئی، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے سینئر بیوروکریٹس ڈاکٹرز، پروفیسرز، سفارت کاروں، فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اعزازات سے نوازا۔ اسی دوران چپل سازی کی صنعت سے وابستہ نور دین الیاس بھی صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی حاصل کرنے والے ملکی تاریخ کے پہلے جوتا ساز بن گئے۔ آج سے کم و بیش 7سال قبل نور دین چاچا نے سابق وزیراعظم عمران خان کو کپتان چپل کا تحفہ دیا اور تصویریں بھی کھنچوائیں۔عمران خان کے دور میں نور دین الیاس کپتان چپل بنانے کے حوالے سے بے حد مشہور ہوئے۔ انہوں نے عمران خان کی گرفتاری اور قید کے بعد قیدی نمبر 804 کے نام سے بھی چپل بنائی۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے قائدین، رہنماؤں اور کارکنان نے نور دین الیاس کے فن کو متعدد مرتبہ سراہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن