نیویارک (طیبہ ضیائ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف نے وزیراعظم کی حیثیت سے امریکہ سمیت تمام بیرونی دبائو کو مسترد کرکے ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں گزشتہ شب یوم تکبیر کے حوالے سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں کیا۔ تقریب کا اہتمام مسلم لیگ (ن) نیویارک کی طرف سے کیا گیا تھا جس میں خواجہ محمد آصف مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی ارکان بھی شریک تھے۔ خواجہ محمد آصف نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’یوم تکبیر‘‘ ہمارے لئے فخر و انبساط کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں آکر محسوس ہوا ہے کہ امریکہ میں پاکستان کے موجودہ سفیر کے توسط سے یہ تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ نوازشریف انتہاپسندوں کیساتھ ہیں حالانکہ یہ بات قطعی غلط ہے ہاں البتہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو دین سے محبت ہے لیکن ہم انتہاپسندی کیخلاف ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 9 برس تک سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے نوازشریف کی کردارکشی کی مہم چلائے رکھی اور موجودہ حکومت کے ایک برس کے دوران پاکستان کے سفیر حسین حقانی بھی یہاں اعلیٰ امریکی حلقوں میں اس غلط تاثر کو پھیلانے میں مصروف ہیں کہ میاں نوازشریف انتہاپسندوں کے حامی ہیں اور اس طرح نوازشریف کیخلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر موجودہ زرداری حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ گزشتہ ایک سال میں اس حکومت نے کوئی مثبت کام نہیں کیا بلکہ خرابیاں پیدا کیں۔ نمائندہ نوائے وقت کے ایک سوال پر کہ آپ لوگ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت امریکہ کے بل بوتے پر قائم ہوئی ہے لیکن میاں نوازشریف کی آمد بھی تو سعودی عرب کی مرہون منت ہے جبکہ سعودی عرب پر امریکہ کا اثر ہے‘ آپ یہ بتائیں عوام کدھر جائیں؟ خواجہ آصف نے اس پر کہا کہ ہم سعودیہ کے احسان مند ہیں لیکن ہم ڈکٹیشن نہیں لیتے۔
نیویارک/ خواجہ آصف
نیویارک/ خواجہ آصف