عطاء آباد جھیل میں پانی کی سطح بدستور خطرے کے نشان پر موجود ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے پانی کے اخراج کی آخری تاریخ پچیس مئی مقررکی گئی ہے۔ جھیل کے ٹوٹنے کے خطرے کی وجہ سےضلع دیا میر میں دریائے سندھ کےکنارے ساٹھ فٹ کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے کر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔ دوسری طرف مسلم لیگ نون کے قائد محمد نوازشریف عطاء آباد جھیل کے دورے کے پہلے مرحلے میں گلگت پہنچے تو انہیں علاقے کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں نوازشریف نے حکومت سے مطالبہ کیا متاثرین کی رہائش اور بحالی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ نوازشریف کے ہمراہ آئے وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے متاثرین ہنزہ کیلئے دس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔ اس کے بعد مسلم لیگ نون کے قائد نے وزیراعلٰی پنجاب اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عطاء آباد جھیل کا فضائی جائزہ لیا۔ کریم آباد میں متاثرین سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کیلئے پانچ، پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔