سپریم کورٹ نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں سے متعلق وفاق کو دو روزمیں جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے ۔

May 24, 2010 | 18:50

سفیر یاؤ جنگ
سپریم کورٹ میں اٹھارہویں آئینی ترمیم کے خلاف دائرپندرہ مختلف درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں قائم فل کورٹ نے کی ۔ اس موقع پروفاق کی جانب سے ڈاکٹرعبدالباسط ایڈووکیٹ عدالت  میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے جلد جواب داخل کرادیا جائے گا۔ اس پرچیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اب تک وفاق کی جانب سے جواب کیوں داخل نہیں کیا گیا۔ یہ ایک حساس کیس ہے، ہم کیس کی سماعت شروع کرنے والے ہیں، اگر وفاق کی جانب سے کیس کی سماعت کے دوران جواب داخل کرایا گیا تواسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے حکومتی وکیل کو ہدایت کی کہ وہ بدھ تک آئینی درخواستوں سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں داخل کریں ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت اکتیس مئی تک ملتوی کردی ۔
مزیدخبریں