کئی گھروں کو شامل کئے بغیر لاہور ڈویژن میں خانہ شماری ”مکمل“ کی رپورٹ

لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں خانہ شماری کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ نے 100 فیصد خانہ شماری کی یعنی ”سب اچھا“ کی رپورٹ بھجوا دی ہے مگر لاہور میں آج بھی بے شمار گھر ایسے ہیں جن کے مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں پر نمبر نہیں لگائے گئے یہ گھر خانہ شماری میں شامل نہیں ہوئے۔ شادمان کے علاقے سمیت بے شمار افراد کو بھی یہی شکایت ہے۔ سبزہ زار جیسی بڑی اور وسیع ہاﺅسنگ سوسائٹی، ای ایم ای جیسی جدید ہاﺅسنگ سوسائٹی، جوڑے پل، غازی آباد، مغلپورہ، اقبال ٹاﺅن سمیت لاہور کے ہر علاقے میں عوام کو شکایت ہے کہ ان کے گھروں کو شمار نہیں کیا گیا۔ شہریوں کو ایک شکایت یہ بھی ہے کہ اساتذہ نے اپنی جگہ شاگردوں کو بھجوایا تھا جس کی وجہ سے یہ مسائل پیدا ہوئے۔ اس سلسلہ میں جائنٹ سینس کمشنر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کسی شہری نے ان سے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صرف خانہ شماری کا مرحلہ مکمل ہوا ہے جس میں عوام کی شکایات پر مزید دنوں کا اضافہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کا مرحلہ ابھی شروع نہیں ہوا وہ اگست اور ستمبر میں شروع ہوگا۔
خانہ شماری مکمل

ای پیپر دی نیشن