لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگی رہنما اور سابق سینئر وزیر پنجاب میاں عطاءمحمد مانیکا ایم پی اے نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے نامزدگی احسن اقدام ہے شہباز شریف کو شاید پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی اتنی ضرورت نہ ہو جتنی پنجاب کو ان کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جیت کی اہم ترین وجہ نواز شریف کی قیادت اور شہباز شریف کی محنت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پچھلے پانچ سال میں پنجاب میں جو میگا پراجیکٹ شروع کئے تھے ان کی تکمیل کیلئے ان کی پنجاب میں موجودگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی آئندہ پانچ سال کیلئے حکومت نہ صرف پنجاب کے عوام کے لئے مفید ہو گی بلکہ دیگر صوبوں کے لئے قابل تقلید ہو گی۔