پاکستان آئی ایم ایف کوآج39 کروڑ ڈالر ادا کرے گا ‘ نئے پیکج پر نئی حکومت بات کرے گی: گورنر سٹیٹ بینک

May 24, 2013

 اسلام آباد(آئی اےن پی)پاکستان آئی ایم ایف کوآج جمعہ کو 39 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرے گا جبکہ 28 جون کو مزید 14 کروڑ ڈالر واپس کیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاکہ جولائی سے جون تک آئی ایم ایف کو ایک ارب 39 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرض واپس کرنا تھا تاہم ا ب تک 85 کروڑ ڈالر واپس کئے جاچکے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال 3 ارب 9 کروڑ ڈالر کا قرض واپس کرنا ہوگا۔ مالی سال2013-14میں آئی ایم ایف کو 3 ارب 43 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ مالی سال 15-2014 میں آئی ایم ایف کا ایک ارب 35 کروڑ ڈالر کا قرض واپس کرنا ہوگا۔ جبکہ 16-2015 میں 6 کروڑ ڈالر واپس کرنا ہوں گے۔گورنر سٹیٹ بینک یاسین انور نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ترجیحات کا تعین نئی حکومت کرے گی ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں چینی وزیر اعظم لی کی کیانگ کے سینٹ آف پاکستان سے خطاب سننے کے بعد میڈیا کے استفسار پر کیا ۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ آئی ایم ایف کی بات چیت اور مذاکرات اچھے رہے آئندہ کے پیکج پر بات چیت پاکستان کی نئی حکومت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے تجاویز مانگی تھیں انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئندہ کی حکومت ہی تجاویز سے آگاہ کرے گی ۔ بات چیت کا دور کامیاب رہا ۔ 

مزیدخبریں