لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کے دورہ ¿پاکستان اور سینیٹ سے خطاب کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی نو منتخب حکومت چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور امریکی غلامی سے نکلنے کی پوری کوشش کر ے گی ۔ سید منور حسن نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے جس نے ہمیشہ پاکستان سے تعلقات کو اہمیت دی ہے ۔ چین کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش خطے میں امن کے قیام کیلئے چین کی مخلصانہ کوششوں کا اظہار ہے امریکہ اور نیٹو افواج کی خطے میں موجودگی ،بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے اور چین کے کردار کو محدود کرنے کی کوششیں خطے کے امن کو برباد کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے چینی وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں پاکستان کے استحکام ،ترقی اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے جن عمدہ خیالات کا اظہار کیا ہے وہ پاکستانی عوام کے دل کی آواز ہیں ۔