نواز شریف مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں: مریم نواز

لاہور (اے پی اے) وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور چیئرپرسن لوتھ سکیم مریم نواز نے کہا ہے کہ اب جبکہ بھارت میں حکومت قائم ہونے جارہی ہے تو پوری دنیا کی نظریں وزیراعظم نوازشریف اور نامزد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر ہیں۔ خطے میں قیام امن کیلئے دونوں وزرائے اعظم کا بہت اہم کردار ہو گا۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میںمریم نواز نے کہا وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی کی حلف برداری میں شرکت پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں اور امید ہے کہ نامزد بھارتی وزیراعظم بھی دونوں ممالک میں تصفیہ طلب مسائل کے حل میں سنجیدگی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ناروال میں مسلم لیگ (ن) کے شجاعت خان کا الیکشن جیتنا ظاہر کر رہا ہے کہ لوگ اپنے محبوب لیڈر سے بہت محبت کرتے ہیں کیونکہ اب لوگ جان چکے ہیں کہ نوازشریف کی قیادت ہی ملک کو بھنور سے نکال سکتی ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ اب دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹنے کی بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن