سرکاری سکیم کے تحت 53814کامیاب عازمین حج کے ناموں کا اعلان، خطوط ارسال

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سرکاری حج سکیم کے تحت 53814 کامیاب عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ کامیاب عازمین کو دس جون تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جمع کروانے ہوں گے، پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا تھا اس سال ایک لاکھ 27 ہزار 586 افراد نے سرکاری اسکیم کے تحت درخواستیں دیں۔ عازمین حج کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے نا کام درخواستگزار بینکوں سے اپنے پیسے واپس لے سکتے ہیں۔ بنکوں میں حج درخواستوں کے حوالے سے بے ضابطگیوں کا نوٹس لیں گے، پہلی حج فلائٹ 27 اگست کو اسلام آباد سے پرواز کرے گی جبکہ آخری حج پرواز 28 ستمبر کو حجاز مقدس روانہ ہو گی۔ محمد یوسف نے حج 2014ء کیلئے موصول ہونے والی 1 لاکھ 27 ہزار درخواستوں میں پہلے آئو پہلے پائو کی بنیاد پر حج درخواستوں کی وصولی کے پہلے روز صبح 9 بجے  سے 10 بجے کے دوران درخواستیں جمع کرانے والے 53814 درخواست گزاروں کو کامیا ب قرار دیدیا۔ کامیاب درخواست گزار عازمین کو کامیابی کے خطوط ارسال کر دئیے گئے جن میں انہیں 10 جون تک اپنے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ متعلقہ بنک کے ذریعے  وزارت کو ارسال کریں۔ وہ جمعہ کو وزارت مذہبی امور میں وزیر مملکت پیر حسنات گیلانی ‘ سیکرٹری مذہبی امور سکندر اسماعیل اور جوائنٹ سیکرٹری حج شہزاد احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔  اس موقع پر وفاقی وزیر کو  بنکوں کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی میں کی گئی بے ضابطگیوں بارے تندو تیز سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے  یقین دلایا اگر کسی بنک کی جانب سے کسی بے ضابطگی کے ثبوت سامنے لائے گئے تواس کے خلاف  کارر وائی کی جائے گی۔ 141 اضلاع میں حج درخواستیں جمع ہوئیں کوئی ضلع ایسا نہیں جہاں سے درخواست نہ آئی ہو۔ آزاد کشمیر سے  موصول ہونے والی 1373 درخواستو ں میں سے 846 کامیاب ہوئیں۔ بلوچستان سے  9045 میں سے 3102 کامیاب ہوئیں ‘ فاٹا سے 9263 میں سے 1135 کامیاب قرار پائیں ۔‘ جی بی سے 1792  وصول ہوئیں 558 کامیاب ہوئیں۔ اسلام آباد سے 2629 وصولی 1685 کامیاب ہوئیں۔ کے پی کے  سے 28934 وصول ہوئیں 11021 کامیاب ہوئیں۔ پنجاب سے 55953 وصول ہوئیں ‘ 24613 کامیاب قرار پائیں ‘ سندھ سے 24827 درخواستیں وصول ہوئین 11214 کامیاب ہوئیں ۔ کل 127586 درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے 53814 کو کامیاب قرار دیا گیا۔ وزارت نے بنکوں کی بے ضابطگی کے حوالے سے بھی جائزہ لیا اور بعض کیس مسترد کئے۔ ہر درخواست  کی وصولی کی ٹائمنگ کا خیال رکھا گیا۔ 27 اگست کو حج فضائی آپریشن شروع ہو گا۔ 28 ستمبر کو آخری فلائٹ روانہ ہو گی ۔ بنکوں  کو فارمز کی تیاری کیلئے 10دن کا وقت درکار تھا۔ رہائش گاہوں سے بچنے والے روپے حاجیوں کو واپس کر دیں گے۔ حجاج سے مزید رقم وصول نہیں کی جائیگی۔ کھانے کا ایشو سعودی حکومت کے ساتھ زیر بحث ہے جلد حل کر لیا جائیگا ۔ اگر  سعودی  حکومت نے حجاج کا کھانا لازمی  قرار دیا تو وفاقی وزارت مذہبی  امور ہر حاجی کے  کھانے کی رقم دے گی تاہم  حکومت پاکستانی حجاج کو لازمی  کھانے سے استثنیٰ دلانے کے لئے سعودی حکومت سے مذاکرات کررہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...