ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوشش پر امریکہ‘ بھارت‘ اسرائیل کے ہاتھ توڑ دینگے : مذہبی سیاسی رہنمائوں کا اعلان

لاہور (سپیشل رپورٹر) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور جید علماء کرام نے جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت یا اسرائیل نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ان کے ہاتھ توڑ دئیے جائیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کا فیصلہ قومی مفادات کو مدنظر رکھ کر کریں۔ وہ بھارت گئے تو مظلوم کشمیریوں اور پاکستان میںموجودلاکھوں شہداء کے ورثاء کو کیاجواب دیں گے؟ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت افواج اور عوام کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی کوششیںکی جارہی ہیں۔ جیوٹی وی کو اس مقصد کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام انڈیا کے لئے ’’ایٹم بم ‘‘ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ تکبیر مہم کے دوران چوبرجی چوک میں ہونے والے جلسہ عام سے جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ، پیر ہارون گیلانی، حافظ عبدالغفار روپڑی، قاری محمد یعقوب شیخ، عبداللطیف سرا ایڈووکیٹ، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خاں کے ٹیم ممبر ڈاکٹر محمد اقبال واہلہ، پیر اشرف رسول اور دیگر نے خطاب کیا۔ جلسہ عام میں اعلان کیا گیا کہ کل 25مئی کو کراچی، 27کو ملتان اور 28مئی کو فیض آباد اسلام آباد میں بڑے تکبیر کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے۔ بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے میں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھائیں اور افغانستان میں ٹریننگ سنٹر قائم کر کے ملک کو میدان جنگ بنایا گیا۔ وزیراعظم اگر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے بھارت جاتے ہیں تو لوک سبھا الیکشن کا تاریخی بائیکاٹ کرنے والے کشمیری مسلمانوں اور پاکستان میں موجود لاکھوں شہداء کے ورثاء کو کیا جواب دیں گے؟ایسا کرنے سے مظلوم کشمیریوں اور بھارت کے 25کروڑ مسلمانوں کا اعتماد مجروح ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے سے انڈیا کے سیکولرازم کا پول کھل گیا۔ بی جے پی لیڈر مودی نے حیدرآباد دکن کے مسلمانوں کو پاکستان چلے جانے کو کہا تو مسلم لیڈر اکبرالدین اویسی نے جواب دیا کہ ہم پاکستان گئے تو اکیلے نہیں حیدرآباد دکن اور آگرہ ساتھ لیکر جائیں گے۔ انڈیا میں بیٹھ کر انہوں نے تاریخی جواب دیا۔ اگر نواز شریف بھارت جاتے ہیں تو وہ ان مسلمانوںکو کیا منہ دکھائیں گے؟۔ ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ نواز شریف بھارت جانا چاہتے ہیں تو نریندر مودی سے واضح طور پر کہیں کہ وہ اس اس بات کا و عدہ کرے کہ انڈیا کشمیر کا مسئلہ حل کرے گا۔ آپ کشمیر کی بات کریں گے تو ساری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ ہاتھ ملانے سے قبل پاکستانی فوج اور قوم کے دلوں پر ہاتھ رکھیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ نواز شریف نے منموہن کو دعوت دی لیکن منت سماجت کے باوجود وہ نہیں آیا ۔ اب انہوں نے مودی کو مبارکباد اور پاکستان آنے کی دعوت دی لیکن انکی دعوت کی بجائے وہ انہیں طلب کر رہے ہیں کہ انکی حلف بردار ی میں شرکت کریں۔ ہندو برہمن کسی کا دوست نہیں۔ دفاع پاکستان کیلئے ہر کسی کو بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا چاہئے۔ تحریک حرمت رسولﷺ کے جنرل سیکرٹری قاری یعقوب شیخ نے کہا کہ جیوٹی وی کو پاکستان میں فحاشی و عریانی پھیلانے اور نوجوان نسل کو دین سے برگشتہ کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا ۔آج پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے غیر محفوظ ہونے کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے لیکن دنیائے کفر سن لے ہمارا ایٹم بم بنانے والے ہاتھ بھی مضبوط ہیں اور اسکا تحفظ کرنے والے بھی مضبوط ہیں۔پاکستان محافظ وطن پارٹی کے سربراہ ملک احمد اعوان نے کہا کہ حکمران اغیار کے آگے ہاتھ پھیلانا چھوڑ دیں۔ سود ختم کریں اور ملک میں اسلامی قوانین نافذ کئے جائیں۔کالا باغ ڈیم تعمیر کیا جائے۔ سابق سیکرٹری لاہور بار کونسل عبداللطیف سرا ء ایڈووکیٹ نے کہا کہ نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے سے ہندوستان کے چہرے سے سیکولر ازم کا نقاب اتر گیا ہے، وہ ہزاروں مسلمانوں کا قاتل ہے، بی جے پی کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت میں نئے پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ نواز شریف انڈیا سے امن کی آشاکے تحت پینگیں نہ بڑھائیں۔ مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول نے کہا کہ کئی ملکوں نے ایٹمی دھماکے کئے لیکن پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ہونا اس لئے اہم ہے کیونکہ پاکستان کا ایٹم عالم اسلام کا ایٹم بم ہے۔ ایٹم بم اللہ تعالیٰ کا پاکستان پر انعام ہے۔ مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالکریم خان آسی نے کہا کہ  28مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے نوازشریف نے یہ ثابت کر دیا کہ ہم ایک بہادر قوم ہیںاور ہمارے پاس ایمان و جذبہ کی طاقت ہے۔ انڈیا ،امریکہ و اسرائیل کی ایجنسیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما مولانا محمد یوسف احرار نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتیں ۔غیور پاکستانی قوم وطن عزیزپاکستان کے دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔

ای پیپر دی نیشن