جھنگ(نامہ نگار) جمعرات کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں شاہکار علی اور ذوالفقار علی کے میتیں گزشتہ روز جھنگ پہنچا دی گئیں۔ مرحومین کی نماز جنازہ امام بارگاہ شاہ نجف سیٹلایٹ ٹائون میں ادا کی گئی اور اس کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر علاقے کی فضا سوگوار رہی۔ نماز جنازہ میں فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے مقامی قائدین کے ساتھ ساتھ دیگر مکاتب فکر کے شہریوں، سماجی وسیاسی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے حکومت کے پاس کوئی واضح پالیسی نہیں اس مسئلے پر حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ کو ٹیسٹ کیس سمجھتے ہوئے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کر ے اگر حکومت کوئٹہ، کراچی اور ملک میں ہونیو الے دیگر واقعات کے ملزمان کو گرفتار کر لیتی تو اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوتے، کوئٹہ میں ہونے والے سانحہ پر وزیر اعظم خود گئے تھے اور وعدہ کیا تھا کہ وہ اس واقعہ کی انکوائری کو منظر عام پر لائیں گے اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود اس انکوائری کو منظر عام پر نہیں لایا گیا۔ جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے والد خادم حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ایک بیٹاکے ای ایس سی کا ملازم، جبکہ دوسرا بیٹا ہمدرد یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا، انہیں جمعرات کے روزناظم آباد میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے۔