اسلام آباد (آئی این پی) پارلیمنٹ ہائوس پر سکھوں کی یلغار‘ پولیس کے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے‘ آئی جی اسلام آباد آفتاب سلطان پارلیمنٹ ہائوس کے سکیورٹی انتظامات درہم برہم ہونے پر ’’پل میں تولہ‘ پل میں ماشہ‘‘ کے مصداق کبھی پولیس اہلکاروں کے حوصلے بڑھانے کے لئے دھمکیاں اور کبھی ان کی منتیں کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں سکھ مظاہرین کے داخلے پر آئی جی اسلام آباد آفتاب سلطان نے مخصوص پنجابی انداز میں دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ ’’انہاں دیاں ٹنگاں پن دیو، اینہاں نوں پتہ لگ جاوے گا‘‘ یہ شرافت سے باہر نہیں گئے تو پھر وہ ہو گا جسے یاد رکھیں گے تاہم تھوڑی دیر کے بعد ہی وہ سکھ رہنمائوں کے پاس گئے اور پارلیمنٹ ہائوس خالی کرنے کے لئے ان کی منتیں کرتے رہے۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب سلطان چیمہ نے کہا کہ سکھوںکے زبردستی داخلے اور دھاوا بولنے سے پارلیمنٹ ہاؤس کا تقدس پامال ہوا۔ یہ افسوسناک واقعہ اور قابل دست اندازی پولیس جرم ہے۔ موقع پر موجود پولیس افسروں و اہلکاروں نے بدترین غفلت کا مظاہرہ کیا جس کا دفاع ممکن نہیں ہے۔