شمالی وزیرستان: گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ،4 سکیورٹی اہلکار شہید،3 زخمی

May 24, 2015

دتہ خیل (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ریموٹ کنٹرول بم حملہ میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ بی بی سی اردو کو مقامی حکام نے بتایا کہ بم حملہ شمالی وزیرستان کے دورافتادہ پاک افغان سرحدی علاقے دتہ خیل میں کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ اس دوران سڑک کے کنارے نصب ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کا نشانہ بنی۔ زخمیوں کو فوج کے ہسپتال سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع نے مزید بتایا کہ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ اور اردگرد کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا، کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ یاد رہے دمہ خیل میں گزشتہ دو روز کے دوران سکیورٹی فورسز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ جمعہ کو بھی دتہ خیل کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

مزیدخبریں