ریاض (اے پی پی) رواں سال رمضان المبارک کے دوران 70 لاکھ کے قریب مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ عمرہ زائرین کو سہولیات بہم پہنچانے اور دیگر امور کیلئے سعودی وزارت حج و عمرہ کے ہزاروں ملازمین اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ میں وزارت حج و عمرہ کے عہدیدار محمد بیجاوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رواں سال مصر 12 لاکھ 75 ہزار 785 عمرہ ویزوں کے ساتھ پہلے، پاکستان 9 لاکھ 18 ہزار 63 عمرہ ویزوں کے ساتھ دوسرے اور انڈونیشیا 6 لاکھ 55 ہزار 163 ویزوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، بھارت کو 4 لاکھ 36 ہزار، ترکی کو 4 لاکھ 39 ہزار ، اردن کو 3 لاکھ 43 ہزار، الجیریا کو 3 لاکھ 13 ہزار، ملائشیا کو 2 لاکھ 11 ہزار،عراق کو ایک لاکھ 83 ہزار اور برطانیہ کو 77 ہزار جبکہ دنیا کے دیگر ممالک کو 6 لاکھ 95 ہزار عمرہ ویزے فراہم کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین میں نماز کی ادائیگی کی جگہوں پر بہترین معیار کے کارپٹ بچھا دئیے گئے ہیں اور ان جگہوں کو 24 گھنٹے صاف رکھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔