اسلام آباد (این این آئی) افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کو نشانہ بنانے کیلئے امریکی ڈرون حملہ بلوچستان میں پہلا ڈرون حملہ تھا جو طویل عرصے سے پاکستان کیلئے ’ریڈ لائن‘ رہا۔ لانگ وار جرنل کے ڈیٹا بیس کے مطابق 2004 سے اب تک امریکہ نے پاکستانی حدود میں 391 ڈرون حملے کیے، جن میں بنیادی طور پر القاعدہ اور طالبان رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان ڈرون حملوں میں سے چار کے علاوہ تمام حملے شورش زدہ قبائلی علاقوں میں کیے گئے ٗ بندوبستی علاقوں میں کیے جانے والے چار حملوں میں ضلع ہنگو میں 2013 میں کیا جانے والا ڈرون حملہ اور بنوں میں 2008 میں کیے جانے والے 3 ڈرون حملے شامل ہیں۔ مجموعی ڈرون حملوں میں سے 71 فیصد شمالی وزیرستان ٗ23 فیصد جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔