انقرہ (رائٹرز) ترکی صدر رجب طیب اردگان کے اقتصادی امور کے مشیر نے کہا ہے انقرہ کے ساتھ مذاکرات میں دوغلا پن جاری رہا تو ترکی یورپی یونین کے ساتھ کسٹمز یونین سمیت تمام معاہدے منسوخ کر سکتا ہے۔ سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ہیبر سے گفتگو کرتے ہوئے یجیٹ بولوٹ نے کہا یورپ ترکی سے کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری میں ناکام رہا تو انقرہ یورپ سے اپنے تعلقات پر نظرثانی کر سکتا ہے۔ ترکی نے یورپی یونین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ترک شہریوں کے یورپ کے ویزا فری سفر پر مشتمل معاہدے میں نئی رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ ویزا فری سفر کے بدلے میں ترکی غیرقانونی ہجرت کرنے والوں کے خلاف اقدامات اٹھائے گا۔ ترک صدر کے مشیر نے کہا دوغلا پن ایسے ہی جاری رہا تو ترکی جلد بعض انقلابی اقدامات اٹھائے گا۔