جے للیتا نے وزیراعلی تامل ناڈو کا حلف اٹھا لیا، ہر گھر کو 100 یونٹ بجلی مفت دینے کا حکم

چنائی (نیوز ڈیسک) اے آئی ڈی ایم جماعت کی سربراہ جے للیتا نے گزشتہ روز ریکارڈ چھٹی مرتبہ تامل ناڈو کی وزیراعلی کا حلف اٹھا لیا اپنے سماجی کاموں اور عوامی اقدامات کے باعث ووٹروں میں ”اماں“ کے لقب سے معروف جے للیتا کی تقریب حلف برداری میں دیگر جماعتوں کے سرکردہ رہنماﺅں، تاجر نمائندوں اداکاروں صنعت کاروں سمیت ہر مکتبہ فکر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جے للیتا حلف برداری کے فوراً بعد سیکرٹریٹ پہنچیں اور اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے 5 فوری احکامات جاری کر دیئے جس کے تحت ریاست کے ہر گھر کو 100 یونٹ، ہر پاور لومز مالک کو 750 یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلی کے حکم کے تحت ہر غریب بیٹی کی شادی کیلئے والدین کو 7 تولے سونے کے زیورات اور 50 ہزار روپے گرانٹ ملے گی اس کے علاوہ سرکاری سکولوں میں اب طلبا و طالبات کو ناشتہ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلی جے للیتا نے عوامی مطالبے کے پیش نظر ریاست بھر میں شراب کی تیاری فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی کی طرف عملی قدم بڑھاتے ہوئے 500 سرکاری شراب خانوں کو بند کرنے کا حکم دیا جبکہ پرائیویٹ شراب خانوں کے اوقات کار میں 2 گھنٹے کمی کردی اس کے علاوہ کسانوں کے ذمے فصلوں کے 6 ارب روپے سے زائد کے قرضے بھی معاف کر دیئے گئے۔
جے للیتا

ای پیپر دی نیشن