اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ممتاز مسلم لیگی رہنما سجاد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے خلاف بیان بازی کرکے اپنے جرائم نہیں چھپا سکتی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا ماضی اور حال پوری قوم کے سامنے ہے وہ چودھری نثار علی خان کے خلاف بیان بازی کرکے اپنا سیاسی قد بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ منگل کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری نثار علی خان کرپشن کے بارے میں زیرو ٹالرنس ہے۔ وہ کرپٹ سیاستدانوں کے ساتھ دوستی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ سید خورشید شاہ اپنی کرپشن کے ہاتھوں بالآخر جیل میں جائیں گے۔ ان کا مقام جیل کی کال کوٹھڑی ہے۔ وہ چودھری نثار علی خان جیسے صاف ستھرے کردار کے مالک کی شخصیت پر کوئی کیچڑ نہیں اچھال سکتا۔