لندن(آئی این پی ) مشہور فلم سیریز جیمز بانڈ کی کم از کم 7فلموں میں ایک جاسوس کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار راجر مور 89 برس کی عمر میں چل بسے۔راجر مور کو کینسر کا مرض لاحق تھا، وہ گزشتہ کچھ عرصے سے زیر علاج تھے، ان کا انتقال سوئٹزرلینڈ میں ہوا، جبکہ انکی آخری رسومات مناکو میں ادا کی جائیں گی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سر راجر مور کے اکائونٹ سے کی گئی ٹوئیٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ جیمز بانڈ سیریز کے مشہور ہیرو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔جیمز بانڈ سیریز کی اب تک 24 سے زائد فلمیں آچکی ہیں، اس سیریز کی پہلی فلم ’’ڈاکٹر نو ‘‘1962ء میں ریلیز ہوئی، جب کہ اس سیریز کی آخری فلم ’’سپیکٹر‘‘ 2015 ء میں ریلیز ہوئی۔اداکار راجر مور نے سیریز کی کم سے کم 7 فلموں میں جاسوس کا کردار ادا کیا، انہوں نے جن فلموں میں کام کیا ان میں لو اینڈ لیٹ ڈائی اور دی اسپائی ہو لوڈ می شامل ہیں۔راجر مور کو ان کی سماجی خدمات کے عوض برطانوی حکومت نے 2013ء میں سر کا خطاب بھی دیا، جب کہ انہوں نے 1991ء سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے ساتھ 12 سال تک کام کیا۔راجر مور یونیسیف میں ادارہ برائے اطفال میں جذبہ خیر سگالی کے سفیر تھے، جب کہ انہوں نے دیگر فلاحی کاموں میں بھی سرگرمی سے حصہ لیا۔ راجر مور 2012ء میں بھی امریکی شہر نیویارک میں ایک اسٹیج شو کے دوران خرابی صحت کے باعث گر پڑے تھے، اس وقت ان کی عمر 74 برس تھی، بعد ازاں ان کے دل کا آپریشن بھی کیا گیا۔راجر مور کی آخری رسومات یورپی ملک مناکو میں ادا کی جائیں گی، انہوں نے سوگواروں میں تین بچے اور ایک بیوہ چھوڑی ہیں۔
جیمز بانڈ سیریز کے جاسوس برطانوی اداکار راجر مور 89برس کی عمر میں چل بسے، کینسر کے مرض میں مبتلا تھے
May 24, 2017