غیر ملکی سرمایہ کاری:60 معاہدوں‘ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط: مخالفین کو مروڑ اٹھ رہے ہیں: شہبازشریف

May 24, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر+ کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوتے رہے لیکن ماضی میںان پر عملدرآمد آٹے میں نمک کے برابر رہا تاہم اپریل 2015ء میں چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر جس تیزرفتاری سے عملدرآمد ہوا ہے اس پر واشنگٹن سے ٹوکیو اور دہلی سے ماسکو تک پوری دنیا حیران ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے 2015ء میںمنعقدہ سیمینار میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی تیزی سے عملدر آمد ہوا ہے اوران معاہدوں کے نتیجے میں پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ پہلے بین الاقوامی سیمینار کی طرح لاہور میںمنعقد ہونیوالا دوسرا بین الاقوامی بزنس سیمینار بھی ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے اور اس سیمینارمیں دنیا کے 26 ممالک سے شریک ہونیوالے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں۔ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے مخالفین ملک کی تیزرفتار ترقی پر حیران اور پریشان ہیں اور انکے چہروں پر اداسی اور مایوسی ہے اور یہ عناصر ملک و قوم کی ترقی نہیں چاہتے، اسی لئے انکے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں اور یہ پریشان ہیں ، پاکستان میں نوازشریف کی قیادت میں ترقی اورخوشحالی کا انقلاب برپا ہوچکا ہے، ملک کی تیزرفتار ترقی دیکھ کریہ عناصرمردہ حالت میں چلے گئے ہیںجبکہ پاکستان زندہ حالت میں ہے اور توانا ہے، انشا ء اللہ پاکستان اسی رفتار سے آگے بڑھے گا اور ترقی کریگا اور دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریگا۔ عزت کی دال روٹی جو کچے برتنوں میں ہو، وہ اس مرغی اور بریانی سے کروڑہا درجے بہتر ہے جو ذلت کے ساتھ ہیرے اورجواہرات کے برتنوں میں ملے، اسی سبق کو پلے باندھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے اورمحنت سے کام کرتے ہوئے کشکول گدائی توڑنا ہے۔ انشااللہ وہ دن ضرور آئیگا جب کشکول ٹوٹے گا اور ہاتھ پھیلانے کا کلچر دفن ہوگا۔ پاکستان دنیا بھر میں عزت و وقار کامقام حاصل کریگا۔ میری ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں سے اپیل ہے کہ آپ پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری کریں اوریہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائیں، اپنا منافع کمائیں اور عوام کو خدمات فراہم کریں،آپ کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے 60 سے زائد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔صوبائی وزرا، سفارتکار، چین اورترکی کے قونصل جنرل ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، دنیا کے 26 سے زائد ممالک سے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں کے علاوہ پاکستان بھر سے تاجروں اور صنعتکاروں نے سیمینار میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں دوسرے بزنس سیمینار کا کامیاب انعقاد ایک شاندار کارنامہ ہے اور پوری دنیا سے سینکڑوں سرمایہ کاروں نے اس سیمینار میں شرکت کی ہے۔ 48گھنٹے بعد پاکستان کے سب سے بڑے کول پاور پراجیکٹ کا ساہیوال میں افتتاح ہونے جارہا ہے اور وزیراعظم نوازشریف 1320میگاواٹ کے اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ ،سی پیک کے تحت یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا ہے۔ دیکھتی آنکھ نے یہ منظر پاکستان میں نہیں دیکھا۔یہ ماڈل ہے شفافیت، رفتار اورمعیار کا اور اسی ماڈل کو ہم آگے لیکر بڑھ رہے ہیں۔ انہوںنے سرمایہ کاروں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سکیورٹی ہماری اپنی سکیورٹی ہے۔ آپ ہمارے بھائی ہیں اور آپ کی بھی وہی سکیورٹی ہوگی جو میری اپنی سکیورٹی ہے۔ آئیے! آپ پنجاب میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست بھی ’’ڈومور‘‘ کا کہتے ہیں لیکن وہ صرف تعلیم،صحت کی سہولتوںمیں بہتری، پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے،سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی اور عام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ’’ڈومور‘‘ کا تقاضا کرتے ہیںاورہمیں اپنے ایسے دوستوں پر فخر ہے۔ شہبازشریف سے گزشتہ روز مقامی ہول کے بزنس سینٹر میں بین الاقوامی بزنس سیمینار میں شریک غیرملکی کمپنیوں اور سرمایہ کار گروپوں کے سربراہان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین، فرانس، ترکی، جرمنی، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر مختلف مماک کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضا مندی کا اظہار کیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صحت، کم لاگت ہائوسنگ سکیموں، صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ غیرملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں کاروباری مواقعوں کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج ’’شہباز سپیڈ‘‘ کا چرچا ہر زبان پر ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں ’’شہباز سپیڈ‘‘ نے پاکستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے اور پنجاب کی تیز رفتار ترقی نے ہمیں یہاں سرمایہ کاری پر راغب کیا ہے۔ شہباز شریف نے غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کار گروپوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، یہاں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، آپ کے سرمائے کو ہر طرح کا تحفظ دیا جائے گا۔ محمد شہباز شریف نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن میںپنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے موضوع پر دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے موقع پر لگائی جانے والی نمائش آئی ایس بی او پی ایکسپو2017 ء کا افتتاح کیا- وزیر اعلی نے نمائش کا دورہ کیا اور ہر ایک سٹال پر گئے-میڈیا کے ایک سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا ملک بھر میں بجلی کے منصوبے تیز رفتاری سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور بجلی کے منصوبے مکمل ہونے سے توانائی بحران آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے اور وہ وقت قریب ہے جب عوام کو لوڈشیڈنگ سے ہمیشہ کیلئے نجات ملے گی اور توانائی بحران کے خاتمے سے تجارتی، صنعتی اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ ایک اور سوال پر کہا قوم ملک کی تعمیر و ترقی کا فیصلہ کر چکی ہے اوراب وہ کسی کو ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر روکنے نہیں دیگی۔ منفی سیاست کرنیوالوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں اور قوم ترقی کے مخالفین کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے۔ سیاسی مخالفین کی سازشیں قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔ شہباز شریف نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور گروپ) کے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صدرمحمد نواز رضا، جنرل سیکرٹر ی سہیل افضل اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا صحافی برداری نے ملک میں جمہوریت کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔

مزیدخبریں