کراچی:سمندر میں نہاتے ہوئے مزید 7نوجوان ڈوب کر جاں بحق

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے ساحل پر منگل کو مزید 7 نوجوان سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے جس کے بعد گزشتہ چار روز کے دوران سمندر میں ڈوبنے والے نوجوانوں کی تعداد 14 ہوگئی۔ منگل کے روز سینڈرپٹ کی ساحلی تفریح گاہ پر 4 نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوئے جن میں سے تین 20 سالہ اعجاز، 18 سالہ حمزہ اور 20 سالہ علی کی نعشیں مل گئیں جبکہ چوتھے نوجوان 18 سالہ حمزہ محمد کی تلاش جاری تھی۔ چاروں اورنگی ٹائون کے رہنے والے تھے۔ ادھر منوڑہ میں بھی اورنگی ٹائون کا رہنے والا 14 سالہ بلال سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا جس کی لاش نکال کر ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ سی ویو پر سمندر میں نہانے والے 3 نوجوانوں کو بپھری ہوئی لہریں اپنے ساتھ بہالے گئیں اور ان میں سے 20 سالہ غزالی اور 24 سالہ عذیر ڈوب کر ہلاک ہوگئے جبکہ 22 سالہ کاشان کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر اس کی جان بچالی گئی۔ تینوں ملیر کے رہائشی تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 21 مئی کو بھی سینڈز پٹ پر 3 نوجوان ریحان، سلیم اور حماد اور ہاکس بے پر پنٹو نامی نوجوان سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوا تھا جبکہ گڈانی میں تجمل حسین اور منوڑہ میں عظیم سمندر کی لہروں کی نذر ہوگئے تھے اور اسامہ نامی نوجوان حب ڈیم میں ڈوب کر جان گنوا بیٹھا تھا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...