لاہور (معین اظہر سے) پنجاب حکومت کے نئے ہیلی کاپٹر کے لئے وفاقی وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے ٹیکس معاف کرنے سے انکار کر دیا ہے جس پر چیف سیکرٹری پنجاب کپیٹن زاہد سعید نے سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر فواد حسن فواد کو لیٹر لکھ دیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا ٹیکس معاف کیا جائے۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ ماہ نیا ہیلی کاپٹر منگوایا تھا کیونکہ پرانا ہیلی کاپٹر اوور ہالنگ کے لئے روس جاتے ہوئے افغانستان میں گر کر تباہ ہو گیا تھا پہلے ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر پنجاب نے وفاقی وزارت خزانہ کو انکم ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، سیلز ٹیکس ، کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکس معاف کرنے کے لئے لیٹر لکھا تھا پھر چیف سیکرٹری پنجاب نے لیٹر لکھا اور انکار پر اب وزیر اعظم ہائوس سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا ٹیکس بتیس کروڑ روپے بنتا ہے۔ پنجاب حکومت نے نیا ہیلی کاپٹر جے ایس سی روس کی کمپنی سے ہیلی کاپٹر ایم 17 خریدا ہے ۔ روسی کمپنی کے ساتھ جو معاہدہ کیا گیا تھا اس کی شق 4.2 کے تحت ہیلی کاپٹر کی قیمت بغیر ٹیکس کے کمپنی کو ادا کی گئی تھی۔ ہیلی کاپٹر کی کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکس جو تقریبا 31 کروڑ 50 لاکھ روپے بنتے ہیں یہ پنجاب حکومت نے ادا کرنے ہیں اسلئے ان پیسوں کو معاف کر دیا جائے۔ جس پر وفاقی وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے پیسے معاف کرنے سے انکار کر دیا ہے انہوں نے کہا ہے کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس معاف کرنے کا اختیار اب ملک میں کسی کے پاس نہیں یہ اختیار صرف اکنامک کوارڈینیشن کمیٹی کو حاصل ہے۔ انہوں نے اپنے جواب میں کہا ہے بلوچستان حکومت کی جانب سے اسی قسم کی درخواست کی تھی اس کو بھی ماننے سے انکار کر دیا گیا تھا، چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو لیٹر لکھا ہے کہ اکنامک کوارڈینیشن کمیٹی کو کہا جائے وہ عوامی مفاد میں پنجاب حکومت کے خریدے ہیلی کاپٹر کے ٹیکس اور دیگر ڈیوٹیاں معاف کردے۔
وزارت خزانہ، ایف بی آر کا پنجاب کے نئے ہیلی کاپٹر کیلئے ٹیکس معاف کرنے سے انکار
May 24, 2017