لاہور(فرخ سعید خواجہ) پنجاب اسمبلی اجلاس میں وزراء وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی اور مشیروں سمیت پارلیمانی سیکرٹریوں کی غیر حاضری کے باعث حکومتی پارٹی کی سبکی کا پبلک افیئرز یونٹ وزیر اعلیٰ آفس کے سربراہ حمزہ شہباز نے سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں چیف وہپ اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد کی رپورٹ پر ایسے تمام وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ایوان میں اپنے محکمے کے بارے میں وقفہ سوالات یا بحث کے دوران غیر حاضر ہوں گے۔ حمزہ شہباز نے رانا محمد ارشد کو ہدایت کی کہ انہیں ایوان میں موجودگی کے حوالے سے وزراء اور پارلیمانی سیکرٹری سمیت معاونین خصوصی اور مشیروں کے بارے میں روزانہ رپورٹ پیش کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز نے ہدایت کی اسمبلی کے ایجنڈا پر سنجیدگی کے ساتھ کام کیا جائے۔ ان کی ہدایت کے مطابق آج بدھ کو خوراک اور زراعت پر اوپن ڈسکشن کے موقع پر وزیر خوراک بلال یٰسین اور وزیر زراعت نعیم اختربھابھہ ایوان میں موجود رہیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ بدھ کو ایجنڈا میں4نئے بل پیش کئے جائیں گے جبکہ 7 آرڈیننس کو توسیع دی جائے گی۔ جن تین بلوں کو بدھ کے روز منظور کر وایا جائے گا ان میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی 2017ء اور شہر خموشاں اتھارٹی2017 بل شامل ہیں۔