لاہور(سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس )بھارتی حکومت نے کھیلوں کے میدان میں بھی پاکستان کی مخالفت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور سکواش، ہاکی اور کرکٹ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر کبڈی کے دروزے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔کبڈی میں پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے اور یہی وجہ تھی کہ بھارت میں ہونےوالی وائیوو پرو کبڈی لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کا قوی امکان تھا لیکن بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی ہے۔کبڈی لیگ میں پاکستان سمیت 16 ملکوں کے کھلاڑیوں کے نام شامل تھے اور اس سلسلے میں کھلاڑیوں کیلئے بولی کے عمل کا آغاز 25 جون سے ہونا ہے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کا نام بولی کے آغاز سے ایک ماہ قبل ہی نکال دیا گیا اور انہیں صرف ریزرو کھلاڑی کی حیثیت سے رکھا جا سکتا ہے۔بھارت کے وزیر کھیل وجے گوئل نے کہا کہ اگر پاکستانی کھلاڑیوں منتخب کر لیا جائے تو بھی منتظمین انہیں نہیں کھلا سکتے اور اس بات کا فیصلہ بھارتی حکومت کرے گی کہ انہیں کھیلنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔ جب تک پاکستان دہشتگردی سے جان نہیں چھڑاتا، ان سے کھیلنا ناممکن ہے۔