پشاور ( آن لائن) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کے حق میں ہسپتالوں میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پشاور میں ڈاکٹرز نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں جمع ہو کر ہیلتھ پروفیشنل الائونس، ٹائم سکیل ترقی ،ڈاکٹروں کے لواحقین کو معاوضہ اور میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کے مطالبات کئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پی کے نے اپنے مطالبات کے حق میں آج ہڑتال کردی۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز موجود ہیں، تمام شعبے کھلے ہوئے ہیں تاہم ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت ہسپتالوں میں مظاہروں پر پابندی بھی عائد ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کے جمع ہوتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال پہنچ گئی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیاہے کہ جاں بحق ڈاکٹروں کو معاوضہ دیا جائے، صوبہ بھر کے تمام ڈاکٹروں کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس اور ٹائم سکیل ترقی بھی دی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں سیاسی مداخلت ختم کی جائے اور ایم او ایکٹ میں تجویز کی گئیں ترامیم کی جائیں۔