کوئٹہ(بیورو رپورٹ) بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینئیر ڈپٹی چیئرمین رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم خان مندوخیل مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مرحوم عبدالرحیم مندوخیل پشتون قومی تحریک کے رہبر ہونے کے ساتھ ساتھ ممتاز دانشور ،قانون دان تھے جنہوں نے ملک میں جمہوریت کے قیام پارلیمنٹ کی بالادستی ،سماجی انصاف ،امن اور ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔بلوچستان اسمبلی کا ریکوزیشن اجلاس منگل کو سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان ز ہری کے بھتیجے کے انتقال پر انکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں مشترکہ تعزیتی قرار داد پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن سید لیاقت آغا نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین ،رکن قومی اسمبلی اور سابق سینیٹر و سابق رکن بلوچستان اسمبلی ممتاز دانشور ،ادیب و قانون دان عبدالرحیم خان مندوخیل کو پشتون قومی تحریک کا عظیم رہبر قرار دیتے ہوئے ملک میں فوجی آمریتوں کے خاتمے ،محکوم اقوام مظلوم عوام کی جمہوری اقدار کا قیام ،قانون کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ،جمہوری فیڈریشن کی تشکیل ،اٹھارویں ترمیم کی منظوری ،سماجی انصاف ، امن و ترقی کی جمہوری تحریکوں میں انکے تاریخی کردار اور لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہے یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ مرحوم رہنماکے جمہوری مشن کی تکمیل کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کرتا رہے گا ۔ قرار داد پر اظہارخیال کرتے سید لیاقت ‘ سابق وزیراعلیٰ بلو چستان ڈاکٹر عبدالمالک‘ رکن اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی‘صوبائی وزیر نواب محمد شاہوانی‘ صوبائی وزیرڈاکٹر حامد اچکزئی‘رکن اسمبلی میر کرد گیلو‘ صوبائی وزیر جعفرخان مندوخیل‘ رکن اسمبلی نصراللہ زیرے‘ قائد ایوان وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ تعزیتی قرارداد اس شخصیت کیلئے ہے جنہوں نے ساری زندگی جمہوریت کیلئے گزاری انکی ہستی کسی تعریف اور تعزیت کی محتاج نہیں۔ جس کے بعداسپیکر راحیلہ حمید خان درانی نے عبدالرحیم مندوخیل کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکا نام ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا وہ ذاتی طور پر انتہائی خوبصورت شخصیت تھے ساری زندگی انکے کارناموں کو یاد رکھا جائے گا نوجوان پارلیمنٹرین انکے افکار اور نقش قدم پر چلیں ۔انہوں نے مشترکہ قرار داد کو پورے ایوان کی جانب سے پیش اور اسے منظور کرنے کی رولنگ دی۔ جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔