واشنگٹن ( نوائے وقت رپورٹ +این این آئی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ وہ منگل کو سینٹ تھامس یونیورسٹی اور بیکرز انسٹی ٹیوٹ آف پبلک پالیسی کے شعبہ انٹرنیشنل سٹڈیز میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ القاعدہ،داعش اور افغانستان میں سیکورٹی کی صورتحال کے چیلنج دونوں ملکوں کو قریبی تعاون اور رابطوں کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو ان مشترکات کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ اعزاز احمد چوہدری نے اس موقع پر حاضرین کو پاکستان کے اندر کامیاب سکیورٹی آپریشنز اور بڑھتی ہوئے اقتصادی مواقع سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
خطہ میں پائیدار امن کیلئے پاکستان اور امریکہ میں تعاون ناگزیر ہے: اعزاز چودھری
May 24, 2017