ورکنگ باﺅنڈری ‘ بھارتی فائرنگ جاری‘ شہری شہید‘ خواتین سمیت متعدد زخمی ‘ رینجرز نے دشمن کی کئی چوکیاں تباہ کر دیں

May 24, 2018

سیالکوٹ/ چک امرو (نامہ نگاران) شکرگڑھ ورکنگ باﺅنڈری پر بھارت کی شدید گولہ باری اور بلا اشتعال فائرنگ جاری رہی۔ درجن بھر مارٹر گولے چک امرو تک آ کر گرے۔ ایک شہری شہید، خواتین سمیت متعدد زخمی ہو گئے۔ گزشتہ رات وقفے وقفے سے بھارت بلا اشتعال فائرنگ اور گولے برساتا رہا۔ سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔گزشتہ روز علی الصبح بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو مسلسل 5گھنٹے جاری رہا۔ رینجرز نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ بھارتی گولے سے ٹمبر چک کا مستری عبدالغفار بابو چک امرو میں آتا ہوا شہید جبکہ چک امرو کا سلامت علی دکاندار شدید زخمی ہوگیا۔ چک امرو کی مارکیٹس دکانیں پچھلے تین روز سے مسلسل بند ہیں جبکہ متعدد سرحدی علاقے خالی ہوگئے ہیں۔ بھارت نے سلیائیں‘ بلٹوئی‘ چک امرو‘ تغل پور‘ چتر‘ کرول‘ ننگل‘بھگوال پور‘ ابیال‘ ٹھاکر پور‘ بیکا چک‘ گجگال‘ سکھوچک‘ ٹمبر چک‘ سکمال‘ چک ناہرہ‘ نگروٹہ‘ اگور‘ بھوپال پور و دیگر مقامات کو نشانہ بنایا۔ رینجرز نے مو¿ثر کارروائی کرکے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال شکرگڑھ منتقل کر دیا گیا انتظامیہ نے3 امدادی کیمپ لگا دئیے جبکہ متاثرین کا کہنا ہے کہ ہمیں شیلٹر ہاﺅس دئیے جائیں جس کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔ دریں اثناءبھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے رینجرز کے جوان شاہد کو پورے فوجی اعزاز کی ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں آرمی کے افسران سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید کا جنازہ اٹھا تو فضا پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے چاروا، ہرپال، ظفر وال و دیگر سیکٹروں پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ ومارٹر گولہ باری جاری رہی جس کی زد میں آکر چار خواتین سمیت آٹھ شہری زخمی ہوگئے۔ چناب رینجر کے بھرپور جوابی کارروائی سے دشمن کی متعدد چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔ چاروا سیکٹر میں بھارتی فائرنگ ومارٹر گولہ باری سے سوجھان کی رہائشی پچپن سالہ رفاقت، اسکی بیٹی 18سالہ راحیلہ اور بیٹا مدثر علی کے علاوہ اسی گاو¿ں کی 22سالہ رضیہ شدید زخمی ہو گئے۔ ورکنگ بانڈری لائن کے گاﺅں بوہی میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 58 سالہ سرداراں بی بی، 22سالہ کنول انور اور17سالہ رضا احمد زخمی ہوئے جبکہ ٹھٹھی مندروال میں بھی بھارتی فائرنگ کی وجہ سے چالیس سالہ مہدی شدید زخمی ہوگیا۔
بھارتی فائرنگ

مزیدخبریں