لاہور(اسپورٹس رپورٹر ) برازیلی ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی لاہورآمدکل 25مئی کو ہوگی، ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے کام کرینگے، برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا کی خدمات پہلے ہی حاصل کی جاچکی ہیں۔صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال کو بتدریج جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ 25 مئی سے لاہور میں شروع ہوگا، برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں، برازیل سے ہی تعلق رکھنے والے ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا آج (24مئی) سائو پالو سے روانہ ہونے کے بعد براستہ دبئی کل صبح لاہور پہنچ جائیں گے۔ یاد رہے کہ سابق فٹبالر رابرٹو پورٹیلا فزیکل ایجوکیشن میں گریجوایشن، فٹبال سائنس میں پوسٹ گریجوایشن کی ڈگریز کے حامل ہونے کے ساتھ سا? پا?لو یونین آف کوچز کا لائسنس بھی رکھتے ہیں،اس کے علاوہ فزیکل ٹریننگ، پرفارمنس اینالسز، یوتھ کوچنگ اور اے کلاس پروفیشنل کوچ کے کورسز بھی مکمل کرچکے ہیں، انہیں 5سال تک نیشنل ایٹلیٹکو کلب کے فزیکل ٹرینر اور اسسٹنٹ کوچ کے طور پرکام کرنے کا تجربہ حاصل ہے،وہ انڈر 17ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے،اس کے بعد تاحال 3کلبز کیساتھ ٹرینر اور اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے وابستہ رہ چکے ہیں۔