لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ لارڈز ٹیسٹ کو بطور کپتان اور کھلاڑی اپنی کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لارڈز پر پہلی بار نہیں کھیل رہا لیکن بطور کپتان یہاں ٹیسٹ کھیلنا پہلا تجربہ ہے جسے اپنی کارکردگی کے ساتھ یادگار بنانے کی خواہش ہے۔ انگلش ٹیم گھر میں مضبوط ہو گی تاہم ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ حالیہ عرصے میں انگلش ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ممکن ہے شکست کا کڑوا گھونٹ بھی ہمیں پینا پڑ سکتا ہے جو کھیل کا حصہ ہے،بطور کپتان میری خواہش ہے کہ ہماری ٹیم اچھی کرکٹ کھیلے۔انہوں نے کہا کہ حسن علی ہماری ترجیح ہوں گے، البتہ اس بات کا انحصار ان کی فٹنس اور پریکٹس سیشن میں بولنگ کارکردگی پر منحصر ہے۔ انگلینڈ آئے ہوئے کافی وقت گزر چکا لیکن کبھی ہم گرمی میں کھیلتے ہیں اور کبھی اتنی سردی میں میدان میں اترنا پڑتا ہے کہ جیبوں سے ہاتھ باہر نکالنے کا دل ہی نہیں کرتا۔ لیکن ہم اچھی اور مثبت کرکٹ کھیل کر یہاں سے واپس جانا چاہیں گے۔ دوسری جانب پاکستا ن اور انگلش ٹیم کی درمیان دو ٹیسٹ میچو ں کی سریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج لارڈز میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان اور انگلینڈ آج لارڈز میں مدمقابل: میچ یادگار بنانا چاہتا ہوں: سرفراز احمد
May 24, 2018