آزاد جموں و کشمیر کے پولیس آفیسر عرفان مسعود کشفی یو این او امن مشن کیلئے منتخب

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)آزاد جموں و کشمیرپولیس کے باصلاحیت اور فرض شناس پولیس آفیسر DIG عرفان مسعود کشفی ، اقوام متحدہ(UNO)کی سنئیر پوزیشن کیلئے منتخب ہو گئے عرفان مسعود کشفی ، کی سلیکشن کے حوالہ سے یو این ہیڈ کوارٹرز نیو یارک نے سلیکشن لیٹر جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے امن مشن برائے ڈار فور کے لئے سینئر پوزیشن پر تعیناتی کے لئے دنیا کے مختلف ممالک کے پولیس افیسران نے ٹیسٹ انٹرویومیں شرکت کی۔ پاکستان سے بھی کئی سینئر DIGs ٹیسٹ انٹرویو میں شامل ہوئے۔ اقوام متحدہ کے سلیکشن کے صاف شفاف نظام کی بدولت آزاد جموں و کشمیر کے انتہائی باصلاحیت، فرض شناس اور محنتی پولیس آفیسر DIG عرفان مسعود کشفی اقوام متحدہ کے امن مشن برائے ڈارفور کی سینئر پوزیشن کے لئے منتخب کر لئے گئے۔ عرفان مسعود کشفی قبل ازیں اقوام متحدہ کے امن مشن برائے لائبیریا میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ جہاں اقوام متحدہ نے اعلی کارکردگی پر یو این پولیس میڈل (UN POLICE MEDAL) سے بھی نوازا تھا۔ آفیسر موصوف مستند ملکی اور بین الاقوامی اداروں سے کورسز اور ٹرینگز کرنے کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بحیثیت SP اور SSP نمایاں خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔آزاد کشمیر پولیس کے افیسران اور جوانوں نے عرفان مسعود کشفی کی اقوام متحدہ میں مقابلے کے امتحان کے بعد سلیکشن کو آزاد کشمیر پولیس کے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے انتہائی خوشی کا اظہارکیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں اور سول سوسائیٹی نے DIG عرفان مسعود کشفی کی اقوام متحدہ میں سینئر پوزیشن پر سلیکشن پرمبارک باد پیش کی ہے اور توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی دنیا میں آزاد جموں کشمیر اور پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کریں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام کو ان پر فخر ہے۔

ای پیپر دی نیشن