لاہور(نوائے وقت رپورٹ)ترجمان وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے جناح ہسپتال کے برن یونٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنگہ گجرات کی21سالہ ماریہ پر سرگودھا کے مبینہ پیر عزیر شاہ نے تیزاب پھینکا تھا ۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر بچی کو علاج کے لیے لاہور منتقل کیا گیاہے۔ ماریہ کا علاج جناح ہسپتال برن یونٹ کے سینئر ڈاکٹرز کریں گے اور پنجاب حکومت ماریہ کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے ماریہ کیلئے 5لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔واقعہ 2سال قبل پیش آیا اور اتنا طویل عرصہ بچی کو بغیر علاج کے رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم عزیر شاہ اور مرتضی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔متاثرہ فیملی کی بروقت دادرسی نہ کرنے اور نازیبا سلوک پر تھانہ میانی سرگودھا کے عملے کے خلاف کارروائی ہو گی۔