ماضی کی حکومتیں سوئی رہیں‘ عوام لٹتے رہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات وکاسمیٹکس کی تیاری اورفروخت روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی غیرمعیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس کی تیاری و فروخت روکنے کیلئے 30 روزمیںحتمی سفارشات پیش کرے گی۔ غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس کی تیاری و فروخت روکنے کے حوالے سے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کی تجویزپر غور کیاگیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس کیخلاف رتی بھر بھی کارروائی نہیں ہوئی۔ماضی کی حکومتیںسوئی رہیںاورجعلسازی کے ذریعے عوام لٹتے رہے۔ انہوںنے کہاکہ سابق ادوار میں غیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کو کھلی چھٹی ملی رہی جبکہ نئے پاکستان میںغیر معیاری و جعلی مصنوعات و کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے-اب کاغذوں میں نہیں بلکہ عملی طورپر اس مافیا کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب سوشل سکیورٹی مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسر نو تشکیل اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کوپرائیویٹ مریضوں کیلئے اوپن نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکیااور فیصلے پر عملدرآمد میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہاکہ فیصلہ ہونے کے باوجوداس پر من وعن عملدرآمد نہ ہونا متعلقہ حکام کی لاپرواہی اورکوتاہی ہے ۔جو فیصلے کیے گئے ہیں مجھے ان پر مکمل عملدرآمد چاہیے۔اب فیصلو ں پر عملدرآمد نہ ہوا تو متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ہوگی۔ عثمان بزدار نے مؤخر ادائیگی پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دے کر دوستی نبھائی ہے۔ عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ عثمان بزدار نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار کو ٹی 20 میں تیز ترین نصف سنچری کا ایشین ریکارڈ بنانے‘ شاہین 2 بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آجاسم شریف کے والد کے انتقال‘ ٹریفک حادثے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے گن مین محمد عمران کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن