اسلام آباد ( جاوید صدیق) وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کا شعبہ ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ بھارت میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر سالانہ تین کھرب روپیہ خرچ ہورہا ہے۔ پاکستان میں یہ رقم تین ارب بھی نہیں۔ نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر نے کہا کہ ایشیاء کے جن ملکوںنے پچھلے پچاس برس میں حیرت انگیز ترقی کی ہے وہ ترقی ان ملکوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ چین میں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر ملک کا نائب وزیراعظم ہوتا ہے، اس عہد کی معیشت کو نالج بیسڈ اکانومی کہا جاتا ہے۔ ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی کو ترجیح دینا ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے لیے حکومت کی طرف سے بجٹ میں زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں۔ یہ وزارت ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔قمری کیلنڈر کے بارے میں سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے قمری کیلنڈر تیار کرکے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا ہے کل کونسل کی میٹنگ ہے۔نظریاتی کونسل کی منظوری کے بعد کابینہ بھی قمری کیلنڈر کی منظوری دے گی۔
ترقی کیلئے سائنس وٹیکنالوجی کو ترقی دینا ہوگی،فواد چوہدری
May 24, 2019