روسی جرمنی اور فرانس کا ایرانی ایٹمی معاہدے کو تحفظ دینے پر زور

ماسکو (اے پی پی) روس، جرمنی اور فرانس کے سربراہوں نے سہ فریقی ٹیلی فونک کانفرنس میں ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے اور ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ماسکو میں کریملن ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانس کے صدر امانوئیل میکرون نے سہ فریقی ٹیلی فونک کانفرنس میں ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو عالمی امن اور استحکام کے تحفظ کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔تینوں ملکوں کے رہنماؤں نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مذکورہ تینوں ممالک کے نقطہ نگاہ سے، ایٹمی معاہدے کے خاتمے کی صورت میں عالمی سلامتی پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔جرمنی اور فرانس، ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو کثیرالفریقی تعاون کا ایسا بہترین نمونہ سمجھتے ہیں جو دیگر عالمی تنازعات کے حل کا رول ماڈل بن سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن