لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی سوموٹو سفارشات وفاقی حکومت رد کردے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزاپنے جاری پیغام میں کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ حدیث مبارکہ میں نبی کریم نے فرمایا چاند دیکھ کر روزے رکھو اور چاند دیکھ کر عید کرو اگر مطلع ابر آلود ہو تو گنتی پوری کرو۔ (مسلم) نبی کریم نے چاند دیکھ کر یا اس کی دیکھے جانے کی شہادت کی بنا پر ہی رمضان، شوال اور دیگر مہینوں کے ختم اور شروع ہونے کا فیصلہ فرمایا‘ سائنسی بنیاد پر بنائے جانے والے قمری کلینڈر پر اعتبار رویت کے ذیل میں درست نہ ہو گا، وزات سائنس و ٹیکنالوجی کا خود ساختہ کلینڈر ملک میں مزید انتشار کا باعث ہے، فواد چوہدری وزیر سائنس کا رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے چند گھنٹے قبل چاند کی رویت کا اعلان سوائے خود ساختہ شہرت کے کچھ نہ ہے۔