واشنگٹن( آن لائن ) بھارت کے حوالے سے امریکی کمشن مذہبی آزادی کی رپورٹ پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اس سلسلے میں بھارت کو بلیک لسٹ قرار دینے کی تجویز پر کانگریس میں بریفنگ دی گئی۔امریکی کمشن مذہبی آزادی کی رپورٹ کے بعد کانگریس میں انڈیا کو بلیک لسٹ قرار دینے کی تجویز پر بریفنگ دی گئی، یہ بریفنگ کرونا وائرس کی وجوہ پر ویڈیو لنک پر منعقد کی گئی۔بریفنگ کا انعقاد انڈین امریکی مسلم کونسل کی جانب سے کیا گیا، جس میں انٹرنیشنل کرسچن کانسرن، ہندو فار ہیومن رائٹس، امریکی کمشن کے ہیری سن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نمائندوں نے شرکت کی، بریفنگ میں امریکی کمشن کی نائب چیئر پرسن نادین مائنزہ نے اہم خطاب کیا۔نادین مائنزہ نے کہا کہ بی جے پی ہندوتوا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، وہ اقلیتوں اور مسلمانوں پر حملوں کو حوصلہ دے رہی ہے، بی جے پی نے اقلیتوں پر تشدد کی اجازت دے رکھی ہے، بابری مسجد پر اعلیٰ بھارتی عدالت کا فیصلہ انہی رویوں کی عکاسی کرتا ہے۔بریفنگ میں امریکی کمشن کے ڈاکٹر ہیری سن نے کہا بھارتی حکومت نفرت اور تعصب کو فروغ دے رہی ہے، گائے ذبح کرنے کے شبہے پر لوگوں کو جلایا جا رہا ہے، تشدد میں ملوث بھارتی ایجنسیوں اور اہل کاروں پر پابندی عائد کی جائے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نمائندے کا کہنا تھا کہ بھارت کرونا وبا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف ایجنڈے کو بڑھاوا دے رہا ہے۔ دریں اثنا، امریکی کمشن اور دیگر مندوبین نے امریکی کمشن کی سفارشات پر فوری عمل کا مطالبہ کر دیا۔
امریکی کمشن مذہبی آزادی رپورٹ میں بڑی پیشرفت ، بھارت کو بلیک لسٹ قرار دینے کی تجویز
May 24, 2020