اسلام آباد (اے پی پی) ایٹمی توانائی کا بین الاقوامی ادارہ (آئی اے ای اے) پاکستان کی درخواست پر کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کے لئے ایک لاکھ یورو سے زائد کے آلات و سامان فراہم کرے گا۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمشن (پی اے ای سی) سے جاری بیان کے مطابق اس سامان میں ریئل ٹائم پولی میراس چین ری ایکشن (آر ٹی۔ پی سی آر) مشین، بائیو ہیزرڈ سیفٹی لیول (بی ایس ایل)، لیول تھر کیبنٹس، ٹیسٹنگ کٹس اور مکمل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے لئے سامان شامل ہو گا۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمشن نے آئی اے ای اے کو ایک اور ایسی پی سی آر مشین قیمتاً فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے کیونکہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی جدید ترین اور پاکستان میں پہلی مشین ہو گی۔ آئی اے ای اے نے پی اے ای سی کی طرف سے فراہم کی جانے والی رقم سے دگنا سے بھی زیادہ بڑی تعداد ٹیسٹنگ کٹس سمیت دوسرا مکمل ٹیسٹ فراہم کرنے اتفاق کیا ہے۔