لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عیدالفطر پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ عید الفطر اللہ تعالی کی طرف سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا انعام ہے۔ یہ اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی رحمت اور بخشش کا دن ہے۔ میں عالم اسلام، اہلیانِ پاکستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آباد تمام مسلمان بھائیوں بہنوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ باری تعالیٰ کا صد شکر ہے کہ اس نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں صیام و عبادات کی سعادت و توفیق عطا فرمائی۔ بدقسمتی سے اس برس ہم ہلال عید ایک رنجیدہ ماحول میں دیکھ رہے ہیں۔ ایک طرف جہاز کے حادثے میں ہونے والے پاکستانی بھائیوں، بہنوں اور معصوم بچوں کی شہادتیں ہیں تو دوسری جانب کرونا وائرس کی نذر ہو جانے والی قیمتی زندگیاں ہیں۔ اس بحران کی وجہ سے لاکھوں لوگ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ طیارے کے حادثے اور کرونا سے ہونے والی اموات نے عیدالفطر کو سوگوار بنا دیا ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مقبوضہ علاقوں، کشمیر اور فلسطین کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں، اللہ تعالی جلد ہمارے ان بھائیوں بہنوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے لاکھوں بھائی، بہنیں دوہرے لاک ڈاؤن کے ماحول میں عید منا رہے ہیں۔ اللہ کریم ان کی مشکلات آسان فرمائے۔ اللہ تعالیٰ اس عید کو پاکستان اور سارے عالم اسلام کیلئے مبارک فرمائے اور تمام عالم اسلام اور پاکستانیوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔ دعا کے ساتھ آپ اور آپ کے اہلخانہ کو عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عید مناتے ہوئے احتیاطی طبی تدابیر کو خدارا فراموش نہ کریں۔ اللہ تعالی آپ سب کا حامی و ناصراور محافظ ہو۔ آمین