آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور نماز عید اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ ادا کی۔ پاکستان کے امن، ترقی، خوشحالی سمیت وبائی مرض کوروناوائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں کے بلند عزم، حوصلے اور درپیش چیلنجز کا بے خوف و خطر مقابلہ کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ عید کے موقع پر گھروں سے دور فرائض کی ادائیگی باعث فخر ہے، ہم غیر متزلزل عزم کے ساتھ یہ فرض انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر 5 اگست سے غیرانسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی مظالم جاری ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں فوری موثر کارروائی پر جوانوں کے جذبے کی تعریف کی۔

ای پیپر دی نیشن