ملتان‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تعلقات میں بہتری کی کوششیں شروع ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کے عشائیے کی دعوت قبول کر لی اور شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے عشائیہ میں شرکت کی دعوت ملی ہے دعوت قبول کر لی۔ پی پی کا وفد آج شہباز شریف کے عشائیہ میں شرکت کرے گا۔ وفد میں یوسف رضا گیلانی‘ راجہ پرویز اشرف‘ شیری رحمان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے سابق گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کی لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پر تفصیلی ملاقات ہوئی۔ جس میں موجودہ ملکی صورتحال‘ سیاسی و قانونی امور پر اور پارٹی معاملات پر تفصیلی مشاورت اور گفتگو ہوئی۔ اس دوران جنوبی پنجاب میں پارٹی صورتحال بھی زیربحث آئی۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت بری طرح ہر محاذ پر ناکام ہونے کے باوجود سیاسی انتقام سے پیچھے نہیں ہٹ رہی۔ انشاء اﷲ ہم مشکل وقت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے اور آئندہ الیکشن میں اﷲ کے فضل و کرم اور عوام کے تعاون سے کامیاب ہوں گے اور ایک بار پھر میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی‘ سیاسی اور خارجی طور پر مستحکم ہو گا۔
شہباز شریف کا آج عشائیہ، پیپلز پارٹی نے شرکت کی تصدیق کر دی
May 24, 2021