رواں مالی سال کے آغاز سے مضبوط اقتصادی بحالی جاری ہے: سٹیٹ بنک

اسلام آباد (این این آئی) نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا گذشتہ روز جاری کردہ مالی سال 21ء میں نمو کا عبوری تخمینہ 3.94 فیصد دیا گیا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ رواں مالی سال کے آغاز سے مضبوط اقتصادی بحالی جاری ہے۔ اور بنک دولت پاکستان کے حالیہ زری پالیسی بیانات اور سہ ماہی رپورٹوں میں بھی یہ بات اجاگر کی گئی ہے۔ سٹیٹ بنک نے بلند تعدد کے حامل مختلف ڈیٹا میں ظاہر ہونے والی متحرک اقتصادی سرگرمی کی بنیاد پر نمو کی اپنی پیش گوئی مارچ میں دے دی تھی۔ ایسا کرتے وقت مناسب طور پر محتاط انداز اپنایا گیا تھا اور نمو کو لاحق  upside risksکو پیشِ نظر رکھا گیا تھا۔ اْس کے بعد سے موصول ہونے والے اور نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی میں زیرِ بحث آنے والے ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ  upside risks حقیقت بن چکے ہیں۔ گذشتہ روز مذکورہ کمیٹی  میں ہونے والے غوروخوض اور سٹیٹ بنک کے موقف کے بارے میں میڈیا کے بعض حلقوں میں بے بنیاد اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ یہ غوروخوض معمول کے مطابق ہے اور اس کی نوعیت تکنیکی ہے، اور اس نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عبوری تخمینے کی بنیاد واضح کرنے میں مدد دی ہے۔ تخمینہ اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا اور اس میں سٹیٹ بنک کی مکمل حمایت شامل ہے۔

ای پیپر دی نیشن