نارنگ منڈی‘قصور‘ بصیر پور‘ پیر محل (نامہ نگار+نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) نارنگ منڈی کے علاقہ اونچہ پنڈ کے کھیتوں سے ملنے والی عورت کی نعش کی شناخت ہو گئی۔ مقتولہ صابراں اسلم لاہور کے علاقہ ساندہ کی رہائشی تھی۔ مقتولہ طلاق یافتہ ہونے اور غربت کے باعث نارووال میں کسی کے گھر کام کاج کرتی تھی کہ عید کے بعد لاہور سے نارووال جارہی تھی کہ راستہ میں سفاک ملزموں نے گلا دبا کر ہلاک کر دیا۔ مقتولہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا یا اس کے پیچھے کوئی اور راز ہے پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تاہم مقتولہ کی نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ نواحی آبادی کوٹ شیر خان میں اوباش نے دو کمسن بچے اغواء کر لئے اور ایک کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد لواحقین کے پہنچنے پر فرار ہوگیا۔ غلام رسول مبینہ طور پر قبل ازیں بھی بچوں کو ہوس کا نشانہ بنا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق غلام رسول بچوں کی پورن فلمیں بنانے میں بھی ملوث ہو سکتا ہے۔ دریں اثناء نواحی موضع کوئیکی جاگیر کا رہائشی کاشتکار بیٹی کے ساتھ بازار آیا ہوا تھا۔ نواسی کو گھر میں اکیلا پاکر شہزاد قصاب اندر داخل ہوگیا اور اسے ہوس کا نشانہ بنا دیا۔ بصیر پور پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ صدر پیر محل کے گاؤں 664/5 گ ب میں اوباش وسیم نے مبینہ طور پر 15 سالہ دوشیزہ کو جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور کے نواح دوبلی کے علاقے میں جواں سال لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس نے نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ لڑکی گھر میں اکیلی موجود تھی کہ ملزم عادل نے بے آبرو کیا۔ پولیس تھانہ صدر چونیاں مصروف کارروائی ہے۔
نارووال جاتے خاتون قتل‘ نعش نارنگ منڈی سے ملی‘ زیادتی کی تفتیش
May 24, 2021