لاہور (نامہ نگار) سمن آباد کے علاقے میں 65 سالہ شخص نے گھریلو ناچاقی پر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق غزالی روڈ کے رہائشی 65 سالہ نوید ملک نے خضریٰ مسجد کی مارکیٹ کے قریب دکاندار کو ایک ڈبہ دیا، جس میں اس کا موبائل فون، اے ٹی ایم کارڈز اور خط تھا اور کہا کہ یہ میرے گھر والوں کو پہنچا دو۔ جس کے بعد نوید نے قریب ہی بار بی کیو ریسٹورنٹ والے سے ماچس لی اور خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ جس کے باعث نوید جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔ موقع پر موجود افراد نے پانی ڈال کر آگ بجھائی۔ اطلاع ملنے پر گھر والے بھی پہنچ گئے اور ریسکیو 1122 نے نوید کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق نوید نے گھریلو ناچاقی پر دلبرداشتہ ہو کر خودسوزی کی۔ نوید ملک کے پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور ایک بیوہ شامل ہے۔ نوید ملک مال روڈ کے معروف میڈیکل سٹور پر 40 سال تک ملازمت کرتا رہا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد سمن آباد میں میڈیکل سٹور پر ملازمت کر لی تھی۔
سمن آباد: 5 بیٹیوں کے باپ کی پٹرول چھڑک کر سرعام خود سوزی
May 24, 2021