اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان نے ''ورلڈنو ٹوبیکو ڈے 2021ایوارڈ''جیت لیا،عالمی ادارہ صحت کے علاقائی دفتر نے تمباکو فری دن کے موقع پرانسداد تمباکو نوشی کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے پر پاکستان کے لیے ''ورلڈنو ٹوبیکو ڈے 2021ایوارڈ''کا اعلان کیا ہے ،عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں عالمی ادارہ صحت کے انساد تمباکو نوشی کے حوالے سے بنائے گئے چھ ریجنز سے ''ورلڈنو ٹوبیکو ڈے 2021ایوارڈ''کے لیے انفرادی اور ادارہ جاتی نامزدگیاں مانگی تھیں ،یہ ایوارڈ تمباکو کنٹرول اوراس حوالے سر انجام دی گئی خدمات کی بنیاد پر دیا گیا ہے،اس کامیابی کے پیچھے ٹوبیکو کنٹرول سیل کے سابق سربراہ ڈاکٹر ضیا الدین اسلام کی سخت محنت اور کاوشوں کا ہاتھ ہے جنہیں حال ہی میں وزارات صحت نے نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔ ، ڈاکٹر ضیا الدین اسلام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر دس سال تک اس کامیابی کے حصول کے لیے دن رات انتھک محنت کی لیکن تمباکو کی بااثر لابی آخر کار تمباکو کنٹرول سیل کو غیر فعال بنانے میں کامیاب ہو گئی،حکومت کو چاہیے کہ وہ تمباکو کی صنعت پر ٹیکس میں اضافے کے لیے ہیلتھ لیوی کو فوری طور پرنافذ کرے ،تا کہ 2025تک تمباکو کے استعمال میں 30فیصد کمی کا ہدف حاصل کرکے حالیہ رحجان کو برقرار رکھا جا سکے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ورلڈنو ٹوبیکو ڈے کے موقع پر یہ ایوارڈ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگرلیشنزاینڈ کوارڈینیشن کو دیا جاتا ہے ،یہ دن 31مئی کو دنیا بھر میں منایا جائے گا۔ٹوبیکو کنٹرول کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے سیکرٹریٹ برائے فریم ورک کنونشن برائے ٹوبیکو کنٹرول نے تمباکو فری اسلا م آباد ماڈل کو عالمی سطح پر تسلیم کیا تھااور روز اینڈ جسیمین گارڈن عوامی پارک کی تصاویر کو اپنی سالانہ رپورٹ کے ٹائیٹل پیج پرشائع کیا تھا کیونکہ پاکستان نے اعلی سطح پر تمباکو کنترول کے حوالے سے اقدامات پر لاگو کیا ہے۔