اسلام آباد ، راولپنڈی، لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ملک میں کرونا سے مزید 74 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مجموعی اموات 20 ہزار 251 ہو گئیں جبکہ 3084 نئے مریض رجسٹر کئے گئے۔ لاہور سمیت پنجاب میں مثبت کیسزکی شرح کم ہو گئی جبکہ بلوچستان اور سندھ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سیاحت پر عائد پابندی ایس او پیز کے تحت ختم کر دی گئی۔ مجموعی کیسز 9لاکھ 552تک پہنچ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق 62061 کرونا ٹیسٹ کئے گئے، مصدقہ مریضوں کی تعداد900,552 ہوگئی۔ پنجاب میں کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 13 ،لاہور2 اعشاریہ 42 فیصد کی سطح پر آگئی۔ پنجاب میں 29، لاہور میں6 مریضوں کا انتقال ہوا۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جتنے لوگ کرونا کی وجہ سے ہسپتال داخل ہو رہے ہیں۔ اس سے کئی زیادہ صحتیاب ہوکرگھروں کو رخصت بھی ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی میں شرح 3.5 فیصد ہے۔ کرونا کا تمام علاج مفت ہے۔ پنجاب میں سیاحتی مراکز کھول دیے جائیں گے۔ راولپنڈی ڈویژن میں صورتحال مسلسل مانیٹرکیا جا رہا ہے۔ عید سے قبل اور اس کی چھٹیوں میں لاک ڈاؤن اور ماسک پہننے پر سختی سے عمل کے نتیجے میں کرونا کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔ راجن پور، لیہ، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال، مظفر گڑھ، وہاڑی، خانیوال، چکوال، گجرات، ننکانہ صاحب، خوشاب، رحیم یار خان، لودھراں میں کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے۔ شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان میں رہیں، آپ کا بہترین علاج ہوگا۔ یاسمین راشد کاکہنا تھا کہ اگلے ہفتے ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال میں ہر فرد کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عید کے بعد صوبے میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ صورت حال تشویش ناک ہے۔ اس وقت کئی ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی۔ ایک ہفتے کے دوران 8.37 فیصد کیس مثبت آئے، کراچی میں شرح 13 فیصد سے زیادہ اور حیدرآباد میں 10فیصد سے زیادہ رہی ۔ کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 2 فیصد ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صورت حال تشویش ناک ہے۔ اس وقت کئی ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت کچھ کھولنے کی بات نہیں کرتے ‘ ان کا کہنا تھا کہ ٹیک اوے پر عمل نہیں ہوگا تو دکان کے خلاف ایکشن ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ تمام سکول اور کالج مزید دو ہفتے بند رہیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس ہوا۔ چوبیس مئی سے کھلنے والے سیاحتی مقامات پر ایس او پیز کے اطلاق کا جائزہ لیا۔ شہریوں سے محفوظ سیاحت پالیسی اپنانے کی درخواست اجلاس میں ان باؤنڈ ٹریول پالیسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سفری پابندیوں سے متعلق کیٹگری سی میں مزید ممالک شامل ہیں۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچی‘ چین سے سائنوویک ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں لائی گئیں ہیں۔